پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ مون سون بادلوں نے رنگ جمایا اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو گی۔
لاہور کے علاقوں ہربنس پورہ، جلو، تاج باغ اور گردونواح میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور مکمل الرٹ ہے اور تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اوکاڑا، شیخوپورہ، جڑانوالہ، پتوکی اور اس کے مضافات میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ خوشاب میں بارش کے باعث بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جبکہ سرگودھا اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
کرک شہر اور مضافات میں بھی بارش ہوئی ہے۔ بلوچستان کے وسط مشرقی علاقوں میں بھی پری مون سون سیزن کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ بلتستان ڈویژن میں بھی آج سے بارش کا امکان ہے۔